پیر, اکتوبر 23, 2017,
ہوم / کھیل / چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل سے پہلے پاکستانی اور انڈین ٹوئٹر پر مدمقابل

چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل سے پہلے پاکستانی اور انڈین ٹوئٹر پر مدمقابل


بھارت اور پاکستان کے درمیان فائنل میچ کے بارے میں بھی لوگ تبصرے کرنے لگے
انشاء اللہ جیت پاکستان کی ہوگی ٗپاکستانی ٹیم پورے اعتماد سے پر ہے ٗ پاکستانی شائقین
اوول (ویب ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میچ میں بھارت کی بنگلہ دیش پر جیت کے بعد ہی ٹویٹر پر بحث ہونے لگی جس میں بھارت اور پاکستان کے درمیان اتوار کو ہونے والے فائنل میچ کے بارے میں بھی لوگ تبصرے کرنے لگے۔پاکستان کے کرکٹر شاہد آفریدی نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ بھارت نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ٗ اب کرکٹ کے سب سے بڑے میچ کا انتظار ہے۔ پاکستان کی ٹیم اپنا تحمل برقرار رکھے اور فوکس ہوکر کھیلے۔ بس ایک اور جیت۔وقاص امجد نے آفریدی کی ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ اس بار انشاء اللہ جیت پاکستان کی ہوگی ٗپاکستانی ٹیم پورے اعتماد سے پر ہے ٗ بھارتی ٹیم حد سے زیادہ اعتماد کا شکار ہوچکی ہے۔سندیپ نام کے ٹویٹر صارف نے لکھا کہ پاکستان میں اچانک پرانے ٹی وی سیٹ کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے تاکہ وہ انڈیا سے شکست کے بعد توڑنے کے کام آئیں۔سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے ٹویٹ کیا کہ اچھی کوشش کی پوتے ٗ سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے بہترین کوششیں کیں ٗگھر کی ہی بات ہے ٗفادرز ڈے پر بیٹے کے ساتھ فائنل ہے۔ مذاق کو سنجیدہ مت لیجیے گا۔سہواگ کی اس ٹویٹ سے جہاں بہت سے لوگوں نے لطف اٹھایا تو بہت سے افراد انھیں یہ مشورہ بھی دیتے نظر آئے کہ اتنے بڑے کرکٹر کی جانب سے اس طرح کا تبصرہ زیب نہیں دیتا ہے۔بروکین کرکٹ کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں انڈین ٹیم سب سے زیادہ بار فائنل میں پہنچنے والی ٹیم ہے۔فلم اداکارہ تاپسی پنّوں نے لکھا کہ بھارت اور پاکستان کے داؤ پیچ سے زیادہ میں اس بات سے جوش میں ہوں کہ جس ملک نے ان دونوں کو کرکٹ کھیلنا سکھایا وہیں پر دونوں فائنل میچ کھیلنے جا رہے ہیں۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے نقلچی اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا گیا کہ اب انڈین ٹیم کو ایک پریس کانفرنس کرکے بنگلہ دیش پر اپنی جیت کے ثبوت پیش کرنے چاہئیں ۔سیمی فائنل میں انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور بلے باز روہت شرما کی اچھی بیٹنگ کی بھی خوب تعریفیں ٹویٹر پر جاری رہیں۔روہت شرما نے ناٹ آؤٹ 123 رنز بنائے جبکہ وراٹ کوہلی نے 96 رنز بنائے۔ یوگیشور ماتھر نام کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا: ‘روہت اور کوہلی بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو ان کی صحیح جگہ دکھا رہے ہیں، وہ ہے باؤنڈری کے باہر کی جگہ۔سندیپ گوئل نے لکھا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ روہت اور کوہلی میں میچ کے دوران چوکے لگانے کا مقابلہ چل رہا ہو۔سیپی شرما 94 کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ 8000 رن بنانے کیلئے وراٹ کوہلی کو مبارکباد ٗ کسی بھی کھلاڑی سے زیادہ تیزی سے انھوں نے یہ رنز بنائے ہیں، صرف 175 اننگز میں۔

Comments

comments