اتوار, جون 25, 2017,
ہوم / اہم خبریں / نواز شریف سے عدالتی فیصلہ ہم منوائیں گے عمران خان

نواز شریف سے عدالتی فیصلہ ہم منوائیں گے عمران خان

اسلام آباد/ پشاور (بیورو رپورٹ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ، جے آئی ٹی ڈرے نہیں، نواز شریف سے عدالتی فیصلہ ہم منوائیں گے، جبکہ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اسمبلیاں تحلیل کرکے الیکشن کا اعلان کردیں بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف بادشاہ سلامت ہیں کوئی ان کے خلاف نہیں بول سکتا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف سازش کا بہانہ بنا کر فوج اور عدلیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔بنی گالا میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما امتیاز صفدر وڑائچ کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم جے آئی ٹی کے سامنے ایسے پیش ہوئے جیسے کشمیر فتح کرلیا ہو، نواز شریف نے جھوٹ بولا کہ ان پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، اقتدار میں آنے کے بعد ایک فیکٹری سے تین فیکٹریاں بنالینا کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سالانہ 10 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے، نواز شریف منی لانڈرنگ کے مجرم ہیں، قوم اور پی ٹی آئی نواز شریف کو عدالت کا فیصلہ ماننے پر مجبور کردے گی، الیکشن جیتنے سے پانچ سال تک چوری اور منی لانڈرنگ کرنے کا لائسنس نہیں مل جاتا عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ساری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے نواز شریف سازش کا الزام لگا کر فوج اور سپریم کورٹ پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں، یہی دو ادارے ہیں جو ان کے کنٹرول سے باہر ہیں باقی سارے تو انہوں نے مفلوج کردیے ہیں۔ ایک صحافی کے سوال پر کہ آصف زرداری کو کب اپنی پارٹی میں لارہے ہیں؟ اس پر عمران خان نے جواب دیا کہ زرداری کی ڈرائی کلیننگ بڑی مشکل ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف روز ایک نیا تماشہ کھڑا کردیتے ہیں،یہ بادشاہ سلامت ہیں ان کے خلاف کوئی نہیں بول سکتا۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں سے خطاب میںمزید کہا کہ انہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کرایا، لیکن پیش نہ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ یہ روزانہ قانونی اداروں کو گالیاں دیں تو کوئی بات نہیں؟ ان کا کبھی احتساب نہیں ہوا احتساب تو اب ہوگا، بلاول نے اپنے تیروں کا ہدف چیئرمین تحریک انصاف کو بھی بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان تبدیلی کے وعدے کررہے ہیں ،خان صاحب کی تبدیلی ٹوئیٹر تک محدود ہے انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور نواز شریف اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہیں میاں صاحب اور خان صاحب کی سوچ ایک ہی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے پاس تمام فیکٹریاں ہیں ،ہوسکتا ہے کہ عوامی فیصلوں کو روندنے والی فیکٹری بھی ان ہی کے پاس ہو میں وزیراعظم کی جگہ ہوتا تو مستعفی ہو کر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوتا ۔عوامی عدالت لگانی ہے تو میاں نواز شریف استعفیٰ دیکر عوام کے پاس جائیں ۔مجھے پتہ ہے کہ کٹھ پتلیوں کے تماشے میں کون ناچ رہا ہے کون نچارہا ہے ان کے پیچھے ایک ٹیم کام کررہی ہے وہ ٹیم انہیں ہوشیار بنانے کی کوشش کرتی ہے لیکن نوازشریف پھر اپنی پرانی ڈگر پر ہی چل پڑتے ہیں۔قومی اسمبلی پر کوئی مشکل آتی ہے توقانون کے مطابق اس کا سندھ اسمبلی کی مدت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

Comments

comments