پیر, جون 26, 2017,
ہوم / اہم خبریں / ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی حضرت علی ؓ کا یوم شہادت منایا گیا ‘ جلوس برآمد ہوئے

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی حضرت علی ؓ کا یوم شہادت منایا گیا ‘ جلوس برآمد ہوئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت ہفتہ کو ملک بھرکی طرح کراچی میں بھی مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا،یوم علی کی مناسبت سے شہربھر میں مختلف مقامات پر مجالس عزاء منعقد کی گئیںاور جلوس برآمد ہوئے تاہم مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا۔جلوس سے قبل نشترپارک میں منعقدہ مرکزی مجلس عزا ء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے فضائل اور ان کی شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت علی کا دور خلافت اور طرز حکومت کا مطالعہ ہمارے حکمرانوں کی رہنمائی کرسکتا ہے ۔موجودہ ملکی حالات قومی یکجہتی و اتحاد کا تقاضہ کررہے ہیں ،امت مسلمہ باہمی اختلافات کو بھلا کر دین کی بقاء کی خاطر متحد ہوجائیں ۔انھوں نے مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت پر عالم اور عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی کی شدید الفاظ میں مذت کی ۔بعدازاںمجلس شبیہ علم و تابوت کا جلوس برآمد ہوا، ابوتراب اسکاوٹس نے جلوس کی رہنمائی کے فرائض انجام دیے۔نمائش چورنگی اور جلوس کے راستوں پر فلاحی تنظیموں کی جانب سے استقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئے تھے ۔جلوس میں عزارداروں نے نوحہ خوانی ،ماتم داری اور زنجیر زنی کی۔آئی ایس او کے زیر اہتمام امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین کا اہتمام کیا گیا جہاں شرکاء نے نمازظہرین ادا کی ۔ نماز کے بعد پاکستان میں دہشت گردی اور فلسطین ،بحرین اور شام میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کیے گئے ۔بعد ازاں یوم علی کا جلوس اپنے روایتی راستوں ایم اے جناح روڈ ،صدر ایمپریس مارکیٹ ،ریگل چوک، تبت سنٹر ،جامع کلاتھ، لائٹ ہائوس،سٹی کورٹ اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگیا۔ قبل ازیں یوم علی کی مناسبت سے شہر کے مختلف مقامات پر مجالس منعقد ہوئیں ۔مجالس سے علامہ طالب جوہری، علامہ اظہر حسین نقوی ،مولانا شہنشاہ حسین نقوی، علامہ ڈاکٹر سید ضمیر اختر نقوی و دیگر نے خطاب کیا ۔علماء کرام نے کہا کہ حضرت علی ؑ نے طویل جدوجہد اور رسالت ﷺ ماب کے شانہ بشانہ رہتے ہوئے ہر محاذ پر دین کا دفاع کیا۔آپ ؑ کا دور خلافت مثالی تھا ۔

Comments

comments